جوئیڈا:8؍جون(ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے کیسل راک ریلوے اسٹیشن کے قریب کیبل چوری معاملےمیں پولس نے 6ملزموں کو گرفتار کرتےہوئے قریب 15لاکھ روپئے مالیت کے 470کلو گرام تانبے کے تاروں کو ضبط کرلیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چوری کردہ کیبل کو جلا کر تانبے کے تاروں کو نکالنے والےگروہ میں ریلوے کا عملہ پر بھی ملوث ہونے کا الزام ہےجو فی الحال کیسل راک ریلوے رہائشی کامپلکس کا مکین ہے اور اس کی شناخت گوکاک تعلقہ داس نٹی کا یلپا کوپننور (38) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ گرفتار شدہ دیگر ملزمین کی شناخت ڈانڈیلی گاندھی نگر کے رہنے والے اجئے کنجرباٹ(30)، سونو کنجرباٹ(25)، جیتندر ماستی (38)، دیپک کنجر باٹ(32) اور جِگنو کنجرباٹ(45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
کیبل چوری ہونے کے بعد اترکنڑا ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے خصوصی ٹیم تشکیل دیتےہوئے معاملے کو سلجھانےکی ذمہ داری سونپی تھی۔ ایڈیشنل ایس پی بدری ناتھ ، ڈانڈیلی کے ڈی وائی ایس پی گنیش کے ایل کی رہنمائی میں ڈانڈیلی کے کارگزار سی پی آئی پربھو آر گنگین ہلی کی قیادت میں کارروائی کی گئی تھی۔ رام نگر پولس تھانہ پی ایس آئی کرن کمار پاٹل ، ایل ایل پجاری اور دیگر پولس عملہ کارروائی میں شریک تھا۔ رام نگر پولس تھانے میں کیس درج ہواہے۔